موبائل میں جمیل نوری نستعلیق فونٹ نصب کرنے کے آرزومند متوجہ ہوں 


🖋 راہی حجازی

ان دنوں ایک بڑا طبقہ موبائل میں نستعلیق فونٹ کے نصب نہ ہوپانے کے باعث پریشان و آشفتہ حال ہے۔ نصب نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اینڈرائڈ کے جدید ورژن میں فونٹ کی سپورٹ کے تعلق سے تبدیلی کردی گئی ہے۔ مارش میلو وغیرہ جدید ورژن میں جو فونٹ موبائل کو سپورٹ کرتا ہے وہ ‌‌” ‌فلپ فونٹ‌‌” ‌ہے، اور فی الوقت کوئی بھی نستعلیق فونٹ فلپ فونٹ میں دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث اس فونٹ کی تنصیب میں دشواریوں و ناکامیوں کا سامنا ہے، پلے اسٹور سے معلوم ہوا ہے کہ فلپ فونٹ کی تشکیل پر کام جاری ہے۔ پس جب تک فلپ فونٹ معرض وجود میں نہیں آجاتا تب تک نستعلیق فونٹ کی تنصیب کی بس دو ہی شکلیں ہیں۔ پہلی شکل کلی ہے تو دوسری جزوی۔

❶ پہلی کلی شکل یہ ہے کہ موبائل کو روٹ کر لیا جائے اور پھر ‌‌” آئی فونٹ‌‌” ایپلیکیشن کی وساطت سے نستعلیق فونٹ نصب کیا جائے۔

اس شکل میں مسئلہ یہ ہے کہ موبائل کو روٹ کرنا ایک طویل عمل ہے جو ہر کہ و مہ کے بس کی بات نہیں، دوسرے یہ کہ روٹ کرنا ‌‌”رِسکی ‌‌” یا جان جوکھوں کا کام بھی ہے کہ اس میں بندہ موبائل کی وارنٹی سے ہاتھ کے ساتھ پیر بھی دھو بیٹھتا ہے

❷ دوسری جزوی شکل یہ ہے کہ گو پورا موبائل تو نہیں؛تاہم صرف ٹیلی گرام و واٹس ایپ کے فونٹ کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرلیا جائے۔واٹس ایپ تو خیر اپنی فطرت و نہاد و گھٹی کے مطابق سر دست اپنی پسند کا فونٹ نصب کرنے کی سہولت نہیں دیتا، مگر ٹیلی گرام یہ سہولت ضرور فراہم کرتا ہے اور اس پوسٹ کا ما سیق الکلام لاجلہ یہی ہے کہ پورا موبائل نہیں تو کم از کم ٹیلی گرام کو ہی جمیل نوری نستعلیق فونٹ پر چلا لیا جائے۔اور یہ اینڈرائڈ کے کسی بھی موبائل اور کسی بھی ورژن پر چلایا جاسکتا ہے۔ ماقبل مارش میلو اور مابعد مارش میلو سب پر۔ آئیے ٹیلی گرام پر جمیل نوری نستعلیق فونٹ نصب کرنے کا طریقہ جانتے ہیں

❶ سب سے پہلے ایک غیر رسمی ٹیلی گرام ڈاؤنلوڈ کیجیے۔ نام ہے جس کا #موبو_گرام

❷ اس کے بعد جو فونٹ مطلوب ہے اسکی ٹی ٹی ایف فائل ڈاؤنلوڈ کیجیے، جیسے جمیل نوری نستعلیق فونٹ نصب کرنا چاہتے ہیں تو اسکی ٹی ٹی ایف فائل ڈاؤنلوڈ کیجیے

اگر آپ ٹی ٹی ایف فائل کے بارے میں نہ جانتے ہوں تو سہولت کے پیش نظر جمیل نوری نستعلیق فونٹ کی دونوں قسمیں؛ کشیدہ و غیر کشیدہ کی ٹی ٹی ایف فائلیں پوچھ تاچھ کھڑکی بوٹ پر اپلوڈ کردی گئی ہیں جہاں سے آپ براہ راست ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔ پوچھ تاچھ کھڑکی کا لنک یہ ہے ⬇

@pochtachkhirkibot

ٹی ٹی ایف فائل ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد یہ دیکھ لیجیے کہ فونٹ کی یہ فائل آپ کی فون میموری کے کس فولڈر میں ہے

(راقم سطور اشارہ کرتا چلے کہ یہ فائل آپکو موبو گرام کے فولڈر میں ملے گی اگر آپ اسے سیو نہیں کریں گے تو۔ اور اگر سیو کیا تو ڈاؤنلوڈ فولڈر میں بھی ملے گی ۔اور یہ دونوں فولڈر آپکو فون میموری میں ملیں گے )

❸ فونٹ فائل کی جگہ اچھی طرح دیکھ لینے کے بعد اب موبو گرام کی موبو سیٹنگ میں جائیے۔ دیکھیے اسکرین شاٹ 1

❹ پھر ‌‌” ویو‌‌” سیٹنگ میں۔ دیکھیے اسکرین شاٹ 2

❺ پھر‌‌”فونٹ ‌‌” میں۔ دیکھیے اسکرین شاٹ 3

❻ پھربالکل نیچے نظر آنے والے ‌‌” ‌‌سلیکٹ فونٹ فائل” اوپشن میں۔ دیکھیے اسکرین شاٹ 4

آخری اوپشن ‌‌”سلیکٹ فونٹ فائل ‌‌” کو ٹچ کرتے ہی آپکی فون میموری کے مشمولات آپ کے سامنے ہونگے۔ اپنی فون میموری کو کھولیے اور اس جگہ تک پہنچیے جہاں آپ نے فونٹ کی ٹی ٹی ایف فائل رکھی ہے۔ جب اس جگہ تک پہنچ جائیں تو مطلوبہ فونٹ کو منتخب کیجیے ۔ سامنے اوکے لکھا ہوا آئے گا تو اوکے کو بھی پریس کر دیجیے۔ اوکے کو پریس کرتے ہی آپ ٹیلی گرام سے باہر ہونگے۔ دوبارہ ٹیلی گرام کو کھولیں گے تو موبو گرام آپکے سیٹ کئے ہوئے فونٹ پر آپکو نظر آئے گا۔دیکھیے اسکرین شاٹ ❺۔ یوں کم از کم ٹیلی گرام کو ہم جمیل نوری نستعلیق فونٹ پر چلا سکتے ہیں۔ آپ سوال کریں گے کہ کیا ہم ایسا واٹس ایپ پر بھی کرسکتے ہیں یا نہیں؟ اس کمترین کا جواب ہوگا کہ واٹس ایپ اونچی دکان پھیکے پکوان ہے۔ جسٹ کڈنگ۔اسکرین شاٹس دیکھنے، بلکہ ویڈیو دیکھنے کیلیے اس لنک ⬇ کو پریس کیجئے 

https://telegram.me/RAHI_HIJAZI 

Leave a comment